یوٹیوب نے ٹِک ٹاک کو مات دینے کا پلان بنا لیا
ٹک ٹاک کی ٹکر میں یوٹیوب نے شارٹس نامی ایپ پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
صرف ایک دوبرس میں ٹِک ٹاک ایپ نے دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے جھنڈے گاڑے ہیں۔ اس کی وجہ سے خود یوٹیوب کو اب ٹِک ٹاک کی متبادل ویب بنانے کا خیال آیا ہے جسے ’شارٹس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ ایپ کامیاب ہوسکتی ہے کیونکہ اس وقت یوٹیوب پر مفت میں دستیاب میوزک ، ویڈیوز اور اثرات کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ اس طرح یوٹیوب کو ٹِک ٹاک پر ہر طرح سے برتری حاصل ہوگی۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کی غیرمعمولی مقبولیت کے بعد ہی یوٹیوب نے شارٹس ایپ لانچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
2016 میں چین میں لانچ کی گئی ٹِک ٹاک ایپ تیزی سے مقبول ہوئی اور 2018 تک اس کی دھوم سنائی دی گئی۔ اس میں تین سے ساٹھ سیکنڈ کی چھوٹی چھوٹی ویڈیو بنائی جاسکتی ہیں جو ایک مسلسل لوپ کی صورت میں چلتی رہتی ہیں۔ اب تک یہ دونوں ایپ والی ویب سائٹس سے سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بھی ہے۔ ٹک ٹاک کے دو سال میں ڈاؤن لوڈ ہونے میں 125 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
توقع ہے کہ یوٹیوب 2020 کے آخر تک شارٹس کو متعارف کروائے گی لیکن موجودہ لاک ڈاؤن کی صورت میں شاید اسے جلد ہی پیش کیا جاسکتا ہے۔ تاہم فیس بک نے بھی ٹک ٹاک جیسی ایپ پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے جسے لاسو کا نام دیا گیا ہے۔